پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ میں قیادت کی تبدیلی کے امکانات ہیں، ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سلیکشن کمیٹی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر اور ٹیم کے چند اہم کھلاڑی شریک تھے۔
اجلاس میں مستقبل قریب میں کپتانوں کے انتخاب اور قیادت کے حوالے سے مختلف تجاویز زیرِ بحث آئیں،باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے بھی تبدیلی کا امکان ہے، جہاں شان مسعود کی جگہ مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو ذمہ داری سونپنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :پاکستان کرکٹ بورڈ کا قومی سلیکشن کمیٹی برقرار رکھنے کا فیصلہ
اجلاس کے دوران قیادت کی تبدیلی کے لیے کھلاڑیوں کی فارم، ڈسپلن اور ٹیم کے ساتھ ان کی مطابقت کو بنیاد بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق نئے کپتانوں کا باضابطہ اعلان آئندہ ماہ تک متوقع ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر سعود شکیل کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت دی گئی تو انہیں سنٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری سے اوپر پروموشن دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں قائدانہ ذمہ داریوں کے لیے مزید اعتماد اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :عمر اکمل کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دروازے کھل گئے
کرکٹ حلقوں کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈکا یہ فیصلہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ ذمہ داریاں دینے کی پالیسی کا حصہ ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس تبدیلی سے ٹیم میں نہ صرف نئی توانائی آئے گی بلکہ مستقبل کے بڑے ٹورنامنٹس کے لیے بھی ایک مضبوط حکمت عملی تیار ہو سکے گی۔