لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی بہتر کارکردگی کی توقع ظاہر کی اور کہا کہ کھلاڑیوں پر بے جا تنقید بند کر کے انہیں مکمل سپورٹ فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور ایشیا کپ میں بھی بہتر پرفارم کرے گی، بھارت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کرکٹ کے تعلقات برابری کی سطح پر رکھے گا۔
قومی ٹیم کے انتخاب کے بارے میں محسن نقوی نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی ہی ٹیم کا فیصلہ کرتی ہے اور وہ کسی کھلاڑی کے انتخاب میں شامل نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش یہ ہے کہ تمام بہترین کھلاڑیوں کو مواقع د ئیے جائیں،چیئرمین پی سی بی نے بھارت کے خلاف میچ کے بارے میں کہا کہ کھلاڑی اپنی پوری جان لگائیں گے، نتیجہ اللہ کے حوالے ہے۔
لیکن ٹیم کی حمایت ضروری ہے۔محسن نقوی نے زور دے کر کہا کہ کھلاڑیوں پر غیر ضروری تنقید بند کی جائے اور انہیں حوصلہ افزائی کے ساتھ سپورٹ کیا جائے۔