چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا آہنی دوست ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پوری پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چینی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے، چینی وزارت خارجہ
پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ دوطرفہ اعتماد کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور دونوں ممالک ترقی کی راہ پر مل کر گامزن رہیں گے۔