پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کا کہنا ہے کہ معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی بیٹنگ ایپ کی ایک پروموشن کے 10 سے 20 ہزار ڈالر لیتے تھے ، غیر قانونی ایپس میں فاریکس ٹریڈنگ کی کئی نان ریگولیٹڈ ایپس بھی شامل ہیں جن کو اب بلاک کیا جائے گا۔
ادارے نے جوا کرانے والی 46 آن لائن ایپس کو غیر قانونی قرار دے کر ان کی فہرست بھی جاری کر دی ہے ان بلاک ہونے والی ایپس میں شہریوں کی ذاتی معلومات اور موبائل نمبر کی تفصیلات دوسروں کو فراہم کر دینے والی ایپس بھی شامل ہیں۔ ان ایپس میں Aviator Game , Chicken Road 1xBet ،Dafabet , 22bet ,me let , Pari Match , Bet365 ,Plinko ,10cric ,Rabona, Casumo بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کو تمام ایپس کی فہرست فراہم کر دی گئی ہے اور اب سائبر کرائم کی درخواست پر پی ٹی اے تمام غیر قانونی ایپس کو بند کرے گا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سرفراز چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میں 40 سے زیادہ جوئے کی ایپلی کشنز کے ذریعے اربوں روپے کا آن لائن جوا کھیلا جارہا ہے، ان ایپلی کیشنز کے ذریعے جوئے کوفروغ دینے والوں کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے۔
گزشتہ دنوں پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو بھی ایسی ہی جوئے کی ایپلی کیشنز کے ذریعے جوئے کو فروغ دینے پر این سی سی آئی اے نے لاہور ائیر پورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔
ان ایپلیکشنز کے ذریعے جوئے کو فروغ دینے والے درجنوں افراد اس کیس میں شامل تفتیش ہوچکے ہیں ، ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی سرفراز چوہدری نے اس حوالے سے بھی بتایا کہ ’یو ٹیوبرز یا سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بیرون ملک بیٹھے بکیے ملوث کرتے ہیں جس کی ایک چال ڈکی بھائی کی بھی ہے، ڈکی نے جوئے کو فروغ دینے کے حوالے سے درجنوں پروگرامز کیے جن کی تعداد 50 سے زائد ہے۔
وہ باہر بیٹھے جورایوں سے ایک پروگرام کے 10 سے 20 ہزار ڈالرز وصول کرتا تھا جو کہ ایک بہت بڑی رقم ہے،اس کے علاوہ بھی ڈکی بھائی بہت کچھ کر رہا تھا جس کی تفتیش جاری ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعدالرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 دن کی توسیع کردی گئی۔