بھارتی کرکٹ بورڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ انڈین ٹیم کی اسپانسر کمپنی ڈریم 11 نے نیا گیمنگ بل پاس ہونے کے بعد اپنا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چار روز قبل بھارتی پارلیمنٹ نے “پروموشن اینڈ ریگولیشن آف آن لائن گیمنگ بل 2025 منظور کیا تھا، جس کے تحت مالی لین دین پر مبنی آن لائن گیمز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اگرچہ اس بل کا مقصد آن لائن گیمنگ کی ترویج کو منظم کرنا اور جوئے کی سرگرمیوں کو روکنا تھا، مگر اس فیصلے کے اثرات گیمنگ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی اسپانسرشپ پر بھی پڑے ہیں۔ بل کے نفاذ کے بعد ڈریم 11 نے بی سی سی آئی کو آگاہ کیا کہ چونکہ اس کے کیش بیسڈ گیمز بند ہو چکے ہیں، اس لیے وہ بھارتی ٹیم کے ساتھ اپنی اسپانسرشپ جاری نہیں رکھ سکتا۔
رپورٹس کے مطابق ڈریم 11 کے دستبردار ہونے سے بی سی سی آئی کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ یہ معاہدہ 2023 میں طے پایا تھا اور 2026 تک جاری رہنا تھا، جس کی مالیت تقریباً 44 ملین ڈالر یعنی 358 کروڑ بھارتی روپے تھی۔