امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے دنیا میں سات جنگیں رکوا کر امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا، جن میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران سیز فائر بھی شامل ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دوبارہ پاک بھارت کشیدگی اور غزہ کی صورتحال پر بات کی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران سات طیارے گرے اور یہ کشیدگی ایٹمی سطح تک پہنچ سکتی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس موقع پر انہوں نے مداخلت کی اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروائی، ساتھ ہی کہا کہ “اگر تم لوگ لڑتے رہو گے تو میں تجارت نہیں کروں گا۔”
ٹرمپ نے فخریہ انداز میں مزید کہا کہ دنیا میں انہوں نے سات جنگیں روکی ہیں جن میں پاک بھارت کشیدگی بھی شامل ہے۔
غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی بمباری میں پانچ صحافیوں کے ہلاک ہونے کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس واقعے کی ابتدائی معلومات نہیں تھیں، لیکن اب وہاں جنگ بندی ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسے مناظر دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتے اور امن کی طرف توجہ دی جانی چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی پرچم نذر آتش کیے جانے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اسے آزادیٔ اظہار کے طور پر ظاہر کیا جا رہا ہے جو کہ بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے ایران میں کیے گئے آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر میزائل نشانے پر لگا اور اس کے نتیجے میں ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکا گیا۔