عمران خان کی پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت

عمران خان کی پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہوجائیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان، جو اپنی دیگر دو بہنوں کے ہمراہ موجود تھیں، نے کہا کہ ہم کارکنان کے شکر گزار ہیں جو کئی مہینوں سے ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم تین ماہ سے ملاقات کے لیے آ رہے تھے لیکن اجازت نہیں دی گئی، تاہم آج اللہ کا شکر ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔ چار مہینے بعد ہم سب بہنوں کو ان سے ملاقات کا موقع ملا۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر سمیت دیگر وکلا بھی موجود تھے۔ علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، البتہ آنکھ میں کچھ مسئلہ ہے، جس کے لیے عدالت میں درخواست دی جا رہی ہے۔ آنکھوں کے علاج کے لیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز آئیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کی وجہ سے پریشان ہیں، اور انہیں شیرشاہ اور شاہ ریز کی گرفتاری کے بارے میں بتایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، عمران خان کو 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت مل گئی، رہا کرنے کا حکم

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ سزائیں اور نااہلیاں پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔ علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بونیراور دیگر علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاری پر افسوس کا اظہار کیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں سے استعفے دے دیے جائیں۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو ہدایات دیں اور کہا کہ ان انتخابات میں حصہ لے کر انہیں قانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود اچکزئی اور سینیٹ کیلئے اعظم سواتی کو نامزد کر دیا

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کے لیے دو حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *