پنجاب کے دریاؤں میں 38 سال بعد اتنا پانی آیا، آج شاہدرہ سے بڑا ریلہ گزرے گا، عرفان کاٹھیا

پنجاب کے دریاؤں میں 38 سال بعد اتنا پانی آیا، آج شاہدرہ سے بڑا ریلہ گزرے گا، عرفان کاٹھیا

پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں 38 سال بعد اتنے بڑے پیمانے پر پانی آیا ہے، سیلابی ریلہ آج رات شاہدرہ کے مقام سے گزرے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 72 ہزار کیوسک ہے، آج رات لاہور اور شاہدرہ کے مقام پر سیلابی ریلے نے گزرنا ہے، یہ ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں 1988 کے بعد اتنی بڑی مقدار میں پانی آیا ہے، میں پاک فوج کا بہت شکرگزا ر ہوں کہ کل رات انہوں  نے دریاؤں کے قریب رہائشی علاقوں میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا ، ہم  نے 7 اضلاع میں پاک فوج کی مدد لی ، عوام سے درخواست ہے کہ راوی کے قریبی علاقوں کو خالی کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کی آبی جارحیت سے دریاؤں میں طغیانی، اگلے 24 گھنٹے نہایت اہم، سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

ان کا کہنا تھا کہ خانکی ہیڈ ورکس کی کپیسیٹی کو کو دیکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ اگلے چند گھنٹوں میں یہ پانی آسانی سے یہاں سے بھی گزر جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک ہے، جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا ریلہ گزر رہا ہے، عوام سے درخواست ہے آئندہ 48 گھنٹے دریائے راوی کے قریب نہ رہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گنڈاسنگھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک سے زائد ہے، سیلاب سے پنجاب میں بروقت اقدامات کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا، سیلاب جب تک رحیم یار خان سے نہیں گزرے گا پنجاب کیلئے چیلنج رہے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ کہیں پر بھی انتظامات کی کوئی کمی نہیں، دریاؤں کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، سیلاب کی صورتحال پر سول وعسکری اداروں کے ساتھ رابطوں میں ہیں، دریائے ستلج میں 10 روز سے اونچے درجے کا سیلاب ہے، سیلاب سے سٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب : آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید سیلاب کا خدشہ، ڈیڑھ لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل

واضح رہے کہ مُلک میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے قائم کردہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے صوبہ پنجاب کے تین دریاؤں چناب، راوی، اور ستلج کے حوالے سے ایک ایمرجنسی الرٹ جاری کیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ اس وقت ان تینوں دریاؤں میں غیر معمولی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

صوبہ پنجاب میں ان تین دریاؤں کی وجہ سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے،  نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے اور این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں:سیلابی صورتحال : وزیراعظم کا سیاسی قائدین سے رابطہ، ہر ممکن تعاون کی پیشکش

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔ ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *