پاکستان کے صوبہ پنجاب میں لاہور پولیس نے عوامی تحفظ اور بڑے اجتماعات پر قابو پانے کے لیے ایک نئے جدید نگران سافٹ ویئر کا اعلان کیا ہے جو مظاہروں، جلسوں اور ریلیوں کی بروقت نگرانی کرے گا۔
حکام کے مطابق یہ جدید نظام شہر کے سی سی ٹی وی کیمروں کے نیٹ ورک کے ساتھ مکمل طور پر مربوط ہے۔ یہ خودکار طریقے سے مظاہرین اور اجتماعات کا پتہ لگانے صلاحیت رکھتا ہے، حتیٰ کہ افراد کی شناخت کر سکتا ہے اور ہتھیاروں، لاٹھیوں اور سیاسی جماعت کے جھنڈے بھی پہچان سکتا ہے۔ مظاہروں میں دکھائے گئے جھنڈوں کی تعداد بھی ریکارڈ کی جا سکے گی۔
یہ نظام مخصوص حد سے زیادہ گاڑیوں یا موٹرسائیکلوں کے اجتماعات کو بھی ٹریک کرے گا، جس سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ممکنہ ہنگامہ آرائی کا فوری جائزہ لے سکیں گے۔ مظاہرے کی صورت میں، یہ سافٹ ویئر متعلقہ پولیس یونٹس کو فوری الرٹ بھیجے گا تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔
حکام نے کہا کہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کو خاص طور پر مانیٹر کیا جائے گا تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ضروری کارروائی کر سکیں۔