کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ رات سے شدید سیلابی صورتحال ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں فلڈ یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جو مسلسل متاثرہ علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔ اب تک 28 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں 29 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ زخمیوں اور بیمار افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 225 ٹن راشن تقسیم کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

ترجمان کے مطابق پلوں اور شاہراہوں کی بحالی کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے۔ فوجی جوان اور امدادی ٹیمیں دن رات متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، اور صورت حال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔۔۔!!

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *