بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور اب مقبوضہ کشمیر سے دریائے جہلم میں بھی پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق بھارتی مقبوضہ علاقے سے آزاد کشمیر میں دریائے جہلم میں پانی کا ریلا چھوڑا گیا جو کنٹرول لائن پر چکوٹھی کے مقام سے داخل ہو گیا ہے۔
ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ مظفرآباد میں دریائے جہلم کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے اور اس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق چکوٹھی کے مقام پر پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے مظفرآباد، ہٹیاں بالا اور منگلا تک کے علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، لہٰذا عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایس ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریا اور ندی نالوں کے کنارے غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں، مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور بچوں کو دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے پنجاب کے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی نے تباہی مچا دی تھی، جس سے کنارے آباد بستیاں اور فصلیں زیر آب آ گئیں جبکہ ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔