نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے آن لائن غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث یوٹیوبرز کے خلاف کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی پہلے ہی قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں اور اب اس کیس میں مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے سسٹرولوجی فیم اقرا کنول، انس علی، مدثر حسن اور محمد حسنین کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
ان افراد پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کو غیر قانونی سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے رہے۔ یہ گروہ آن لائن جوئے کی ایپس کے استعمال کو فروغ دیتا تھا، آن لائن ٹریڈنگ ایپس کے ذریعے مالی فراڈ میں ملوث تھا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جوئے کی تشہیر کرتا رہا۔ اس کے علاوہ یہ معصوم لوگوں کو جعلی اسکیموں اور بوگس ویب سائٹس کے ذریعے سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر لوٹتے رہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے اور اب یہ معاملہ عدلیہ کے سامنے ہے۔ ڈکی بھائی کے کیس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر کو پہلے ہی گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے، جس کے دوران مزید نام سامنے آئے ہیں۔ یہ کارروائی ملک میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل فراڈز اور آن لائن مالی جرائم کے خاتمے کے لیے جاری ایک بڑی مہم کا حصہ ہے۔