خواتین کے لیے خوشخبری، 15 لاکھ تک قرضہ، نئی سکیم آ گئی

خواتین کے لیے خوشخبری، 15 لاکھ تک قرضہ، نئی سکیم آ گئی

خواتین کی مالی خودمختاری اور کاروباری شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت خواتین کاروباری افراد کے لیے نئی ڈیجیٹل فنانسنگ پروڈکٹ خودمختار خاتون متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو آسان مالی سہولیات فراہم کرکے انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے قابل بنانا ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اس نئی فنانسنگ سہولت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے تحت خواتین کاروباری افراد ایک لاکھ روپے سے 15 لاکھ روپے تک اثاثہ جاتی فنانسنگ حاصل کر سکیں گی۔

حکام کے مطابق یہ فنانسنگ مشینری، دفتری آلات، کاروباری سامان، پیداواری مشینوں اور دیگر ضروری کاروباری اثاثوں کی خریداری کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔ اس اقدام سے خواتین کو اپنے کاروبار کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی کرنسی کی اونچی اڑان جاری،خریدار کروڑوں کمانے لگے

خودمختار خاتون پروڈکٹ کو ولی فنانشل سروسز متعارف کرا رہی ہے۔ اس پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شریعہ کمپلائنٹ ماڈل پر مبنی ہوگا، جس سے خواتین گھر بیٹھے آسانی کے ساتھ مالی سہولت حاصل کر سکیں گی۔

اس مقصد کے لیے خواتین صارفین حکیم موبائل ایپ کے ذریعے فنانسنگ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گی۔ درخواست کی منظوری کے بعد حاصل کی گئی فنانسنگ ایک سال کے دوران مساوی ماہانہ اقساط کی صورت میں واپس کی جا سکے گی جس سے ادائیگی کا عمل آسان اور قابلِ برداشت رہے گا۔

ایس ای سی پی کے مطابق پاکستان میں خواتین کی بڑی تعداد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ ہے تاہم مالی وسائل تک محدود رسائی ان کی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ رہی ہے۔ نئی فنانسنگ سہولت اس مسئلے کے حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لینڈنگ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (این بی ایف سیز) نے جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران مجموعی طور پر 111 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی جبکہ تقریباً 75 لاکھ مائیکرو اور چھوٹے کاروبار اس سہولت سے مستفید ہوئے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ خواتین کی مالی شمولیت، کاروباری ترقی اور معاشی بااختیاری کو فروغ دینا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے، اور خودمختار خاتون پروگرام اسی وژن کی عملی شکل ہے جو خواتین کو معاشی میدان میں مزید مضبوط اور خود کفیل بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

editor

Related Articles