وزیرِ اعظم شہباز شریف چین روانہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف چین روانہ

وزیرِاعظم شہباز شریف ہفتے کے روز چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان کے لیے سفارتی اور معاشی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کا مقصد چین اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے، چینی وزارت خارجہ

وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ وزیرِ اعظم تیانجن میں  ’ایس سی او‘ اجلاس سے خطاب کریں گے، جہاں وہ علاقائی امن، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز اور علاقائی روابط پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

بیجنگ میں اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں

’ایس سی او‘ اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم بیجنگ روانہ ہوں گے، جہاں وہ چینی عوام کی جنگِ مزاحمت کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ بیجنگ میں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے متوقع ہے۔

ان ملاقاتوں میں پاک-چین تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہو گی، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں بالخصوص چائنا-پاکستان اکنامک کاریڈور (سی پیک) کے فریم ورک کے تحت تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا جائے گا‘۔

اقتصادی سفارت کاری پر توجہ

وزیراعظم کے دورے کے دوران اقتصادی سفارت کاری کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم بیجنگ میں دوسرے بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت کریں گے اور معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔

وہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیں گے، اور توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کریں گے۔

نائب وزیرِ اعظم کی پاک-چین اعتماد پر زور

’ایس سی او‘ اجلاس سے قبل نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ پاکستان کی ’آہنی دوستی‘ کو علاقائی امن و خوشحالی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

مزید پڑھیں:پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال: ملک کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز

چینی نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے پروگرام گلوبل ساؤتھ وائسزمیں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے  ’ایس سی او‘ کو سیکیورٹی، تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا اور کہا کہ موجودہ کثیر القطبی دنیا میں اس تنظیم کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات اور عالمی اقتصادی چیلنجز کے تناظر میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *