سیلاب، لاکھوں افرادمتاثر ، 30 جاں بحق ،گھر فصلیں تباہ،3 ستمبر تک ستلج، راوی چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری رہنے کا خدشہ

سیلاب، لاکھوں افرادمتاثر ، 30 جاں بحق ،گھر فصلیں تباہ،3 ستمبر تک ستلج، راوی چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری رہنے کا خدشہ

ستلج، راوی اور چناب دریا میں شدید سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچادی ہے،تقریباً 30 افراد سیلاب کی نذر ہو گئے جبکہ لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

ہزاروں ایکڑ پر فصلیں اور مکانات ڈوب گئے اور کئی شہر، گاؤں اور بستیاں پانی تلے آ گئیں،سیلابی پانی نے ہر طرف اپنا زور دکھایا۔

قصور میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر دریائے ستلج میں اب تک کا سب سے بڑا سیلابی ریلہ آیا، جس سے پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔

ستلج کے سرحدی علاقوں میں بھی پانی نے گھروں، کھیتوں اور کھلیانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،پی ڈی ایم اے نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی رپورٹ کے مطابق اب تک پانی میں ڈوبنے کے باعث 30 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 15 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں :سیلاب کے پیش نظر تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بند، نوٹیفکیشن جاری

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق سیلاب کے باعث 2 ہزار 308 موضع جات اور دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ستلج، راوی اور چناب میں 3 ستمبر تک انتہائی خطرناک سطح کے سیلاب جاری رہنے کا امکان ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شمالی مدھیہ پردیش میں مون سون کے دباؤ کی وجہ سے 2 سے 3 ستمبر کے دوران دریائے ستلج، بیاس اور راوی کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں :دریائے چناب میں شدید سیلاب، جھنگ اور ملتان میں صورتحال سنگین، 275 دیہات زیر آب

ستلج کے گنڈا سنگھ والا اور چناب کے تریموں اور پنجند میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے بتایا کہ دریاؤں میں سیلاب کی وجہ سے مجموعی طور پر 15 لاکھ 16 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4 لاکھ 81 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

متاثرہ اضلاع میں 511 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جبکہ 351 میڈیکل کیمپس اور 321 ویٹرنری کیمپس بھی سیلاب سے متاثرہ لوگوں اور جانوروں کے لیے فعال کیے گئے ہیں۔

نبیل جاوید کے مطابق 4 لاکھ 5 ہزار جانور بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں،دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 11 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ خانکی ہیڈ ورکس اور قادر آباد میں پانی کی سطح بالترتیب 1 لاکھ 70 ہزار اور 1 لاکھ 71 ہزار کیوسک ہے۔

ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک ہے اور مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے راوی جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ بالترتیب 78 ہزار اور 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق چناب کے کنارے ایک ہزار 179 دیہات اور 9 لاکھ 66 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، راوی کے کنارے 478 دیہات اور 2 لاکھ 32 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ستلج کے کنارے 391 دیہات اور 3 لاکھ 13 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ دنوں میں متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں مون سون بارشیں جاری ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *