پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کاکہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا کہ موبائل آپریٹرز کے تعاون سے سیلاب زدگان کے لیے خصوصی ریلیف اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
جس کے تحت متاثرہ اضلاع میں صارفین کو مفت کالنگ کی سہولت دستیاب ہوگی، پی ٹی اے کے مطابق صارفین اکاؤنٹ بیلنس صفر ہونے کے باوجود کال کر سکیں گے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سہولت سے سیلاب سے متاثرہ عوام ایمرجنسی خدمات ادا کرنے والے اداروں اور اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں گے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی خدمات کی مسلسل نگرانی جاری ہے جب کہ روابط میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا جائے گا۔
ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی، اب تک صوبے میں سیلاب کے باعث پانی میں ڈوبنے سے 30 اموات ہوئی ہیں، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث 2 ہزار 308 موضع جات (دیہات) اور 15 لاکھ افراد سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ ستلج، راوی اور چناب دریاؤں میں 3 ستمبر تک انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شمالی مدھیہ پردیش پر موجود مون سون کے دباؤ کے زیرِ اثر 2 سے 3 ستمبر کے دوران دریائے ستلج، بیاس اور راوی کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔