آج سے مزید بارشیں ، سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال بگڑنے کا خدشہ

آج سے مزید بارشیں ، سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال بگڑنے کا خدشہ

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے)  نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہے اور دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا ایک بڑا ریلا تریموں ہیڈ کی طرف بڑھ رہا ہے،  اسی طرح دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے تینوں دریاؤں میں بدترین سیلابی صورتحال برقرار ہے جس کے سبب اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور مختلف حادثات میں 33 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پنجاب پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک لاہور سمیت مختلف اضلاع سے دو لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے,  پولیس نے متاثرہ علاقوں سے دو لاکھ 97 ہزار سے زائد مویشی بھی نکالے۔

محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مطابق صوبے بھر میں 510 شاہراہوں کے سیکشن اور 64 پل سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 50 سے زائد سڑکیں اور 40 پل بحال کر دیے گئے ہیں۔

آج سے مزید بارشوں کی پیش گوئی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے تین ستمبر تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا خبردار کیا ہے کہ اس سے سیلاب زدہ علاقوں میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں جو بارشوں کا باعث بنیں گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں :بھارت کی آبی جارحیت جاری،ایک اورسیلابی ریلا پاکستان کی جانب چھوڑ دیا

آج پنجاب، کشمیر، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ شمال مشرقی پنجاب، مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔

مزید بارشوں سے پنجاب کے متعدد اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پہلے سے سیلاب کا علاقوں میں مزید بارش سے صورت حال خراب ہونے کے خدشات ہیں اور شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین کے علاوہ گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

اسی طرح چنیوٹ، سیالکوٹ، شیخوپوراہ، نارووال اور فیصل آباد کے بعد علاقوں میں بھی پہلے سے متاثرہ علاقوں میں مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں جبکہ سرگودھا، لیہ، بھکر اور میانوالی میں بھی بارش مزید مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام اور متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات کرنے، خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور ممکنہ خطرات کے بارے میں بروقت آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں زلزلے نے تباہی مچادی، 250 افراد جاں بحق ، سینکڑوں زخمی

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے اجتناب کیا جائے اور مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *