گلگت بلتستان حکومت کا ایک سرکاری ہیلی کاپٹر چلاس کے قریب تھور کے مقام پر فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کے دوران کریش ہو گیا۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹس سمیت ٹیکنیکل اسٹاف کے 5 افراد سوار تھے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق، ہیلی کاپٹر کو دوران پرواز فنی خرابی کا سامنا ہوا، جس کے بعد پائلٹس نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، مگر لینڈنگ کے فوراً بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اب تک حادثے میں جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تمام سوار افراد کی خیریت جاننے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
فیض اللہ فراق نے کہا کہ آگ بجھانے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کی جائے گی۔
ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی، اور لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے۔ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے ماہرین کی ٹیم جلد جائے حادثہ پر پہنچے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، ہیلی کاپٹر ایک تکنیکی معائنے کے بعد روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے دوران اچانک فنی خرابی نے حادثے کی شکل اختیار کر لی۔