اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں موسلا دھار بارش کے بعد نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ بھارہ کہو رہا جہاں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سیکٹر جی الیون میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا جس سے کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ میٹرو بس کا روٹ بھی زیرِ آب آگیا اور سروس متاثر ہوئی۔ بنی گالہ اور سری نگر ہائی وے پر بھی پانی کھڑا ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
جی ایٹ مرکز میں بھی بارش کے پانی نے گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ عوام نے متعلقہ اداروں سے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
