سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان آئی ٹی ٹریننگ اور ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے لیے اسکالرشپ معاہدے طے پا گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک تقریب میں ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، جس میں پیپلز آئی ٹی پروگرام اور گوگل ڈیجیٹل صحافت اسکالرشپ کے معاہدے شامل تھے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہزاروں طلبہ عالمی معیار کی آئی ٹی مہارتیں حاصل کر چکے ہیں اور اب تک 4 ہزار 300 سے زائد فارغ التحصیل نوجوان مختلف معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی شمولیت اور دیہی نمائندگی پروگرام کی بڑی کامیابی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ پی آئی ٹی پی ٹو کے لیے 1400 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت 35 ہزار طلبہ کو 12 جدید ٹیکنالوجیز پر تربیت دی جائے گی۔ این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سکھر آئی بی اے اس پروگرام کے تحت تربیت فراہم کریں گے، جبکہ میٹرک سے گریجویشن تک کے طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
ڈیجیٹل صحافت پروگرام سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ حکومت اور ٹیک ویلی کا مشترکہ پراجیکٹ ہے۔ اس کے دوسرے مرحلے “ڈیجیٹل جرنلزم 2.0” کے تحت ایک ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی، جو صحافیوں، سرکاری ترجمانوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معتبر صحافت اور شفافیت کے فروغ کے لیے یہ پروگرام سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے تقریب میں کہا کہ گوگل ڈیجیٹل صحافت پروگرام سے فیک نیوز کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئے گی۔