محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے سندھ، مشرقی پنجاب، بلوچستان، کشمیر، کے پی کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس کے مطابق بھارت کے مدھیہ پردیش سے ہوا کا کم دباؤ 6 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا۔
6 سے 9 ستمبر تک حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر ودیگر شہروں میں بارشوں کا امکان ہے، چند مقامات پر موسلا دھار اور شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
6 سے 8 ستمبر لاہور، سیالکٹ، نارووال، اوکاڑہ، ملتان، ڈی جی خان میں بارش کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 9 ستمبر تک بلوچستان ے مشرقی، جنوبی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
7 سے 9 ستمبر تک دیر، سوات، باجوڑ، بونیر، صوابی، پشاور سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ڈیرہ غازہ خان اور قریبی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس سے قبل این ڈی ایم اے حکام نے سیلابی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں پنجند سے سیلابی ریلا داخل ہوگا، اس وقت کئی مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
صوبہ پنجاب کے خانیوال کے قریب راوی اور چناب دریاؤں کے بپھرے ہوئے سنگم نے پنجاب میں شدید سیلابی ایمرجنسی پیدا کر دی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایک غیر معمولی سیلابی ریلا آ رہا ہے، جو ملتان اور مظفرگڑھ سمیت بڑے شہری مراکز کو شدید خطرے میں ڈال رہا ہے۔