گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ کیسے بنوائیں؟ جانیے آسان طریقہ کار

گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ کیسے بنوائیں؟ جانیے آسان طریقہ کار

اگر کسی پاکستانی شہری کا پاسپورٹ گم ہو جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (ڈی جی آئی اینڈ پی) نے گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے طریقہ کار اور فیس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق پاکستان میں موجود شہری کو سب سے پہلے اپنے گمشدہ پاسپورٹ کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرانا ہوگی۔ پولیس رپورٹ میں پہلے سے جاری شدہ پاسپورٹ نمبر درج ہونا ضروری ہے۔ اگر پاسپورٹ نمبر یاد نہ ہو تو شہری قومی شناختی کارڈ یا نائیکوپ کی کاپی کے ساتھ تحریری درخواست جمع کرا سکتا ہے۔

بالغ افراد کے لیے شناختی دستاویزات جبکہ کم عمر بچوں کے لیے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) کی ضرورت ہوگی۔ تمام مطلوبہ دستاویزات اور پولیس رپورٹ قریبی علاقائی پاسپورٹ آفس میں جمع کروانا ہوگی جہاں درخواست کی جانچ کے بعد نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاسپورٹ نظام میں اصلاحات، حکومت کا مکمل ای پاسپورٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ

بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے بھی پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں اضافی شرائط رکھی گئی ہیں۔ اگر کوئی شخص تیسری بار پاسپورٹ گم کرتا ہے تو متعلقہ پاکستانی مشن اس کیس کا جائزہ لے گا اور مزید کارروائی کے لیے اسے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو بھجوایا جا سکتا ہے۔

گمشدہ پاسپورٹ کی صورت میں فیس عام پاسپورٹ فیس سے زیادہ وصول کی جاتی ہے۔ اگر پاسپورٹ پہلی بار گم ہوا ہو تو مقررہ فیس کے مقابلے میں دوگنا فیس ادا کرنا ہوگی، جبکہ دوسری مرتبہ گم ہونے کی صورت میں چار گنا فیس وصول کی جائے گی۔

موجودہ فیس شیڈول کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی عام فیس 9 ہزار روپے اور فوری فیس 15 ہزار روپے ہے، جبکہ 10 سالہ مدت کے لیے عام فیس 13 ہزار 400 روپے اور فوری فیس 22 ہزار 400 روپے مقرر ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاسپورٹ تجدید کے لیے دفاتر کے چکر ختم، آن لائن سروسز کے لیے نئی ایپ تیار 

72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی عام فیس 16 ہزار 400 روپے اور فوری فیس 27 ہزار روپے ہے، جبکہ 10 سالہ مدت کے لیے عام فیس 24 ہزار 800 روپے اور فوری فیس 40 ہزار 400 روپے ہے۔

اسی طرح 100 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کے لیے عام فیس 18 ہزار روپے اور فوری فیس 36 ہزار روپے ہے، جبکہ 10 سالہ پاسپورٹ کی عام فیس 27 ہزار روپے اور فوری فیس 54 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پاسپورٹ کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئندہ یکم جولائی سے پاسپورٹ براہ راست شہریوں کے گھروں تک پہنچانے کا نظام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles