پاکستان بھر میں آج یوم فضائیہ ملی جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ یہ دن 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، جرات اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
یوم فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے شہید پائلٹ راشد منہاس کے مزار پر حاضری دیں گے، پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور سلامی پیش کریں گے۔
یہ دن اس عظیم تاریخ کی علامت ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کی کئی گنا بڑی فضائیہ کو شکست دی اور اپنی بہادری سے وطن کی فضائی حدود کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
ستمبر 1965 کو اسکواڈرن لیڈر محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) نے سرگودھا کے محاذ پر دشمن کے پانچ بھارتی ہنٹر طیارے مار گرائے، جن میں سے چار صرف 30 سیکنڈ میں تباہ کیے گئے۔ یہ کارنامہ آج بھی عالمی فضائی جنگی تاریخ کا منفرد ریکارڈ مانا جاتا ہے۔
پاک فضائیہ نے جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہی بھارتی ایئر بیسز پٹھانکوٹ، ہلواڑہ اور جمنا نگر پر کامیاب کارروائیاں کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ لاہور اور سیالکوٹ کے محاذ پر بھی فضائیہ نے زمینی افواج کو بھرپور مدد فراہم کی اور بھارتی حملوں کو پسپا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یوم فضائیہ قوم کو یہ یقین دلاتا ہے کہ وطن کے یہ فضائی محافظ ہر لمحہ اپنی جانیں نچھاور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ دن بہادری، قربانی اور عزم و حوصلے کی زندہ یادگار ہے۔