نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کے گجرات اور راجستھان سرحد پر موجود بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں، کسانوں اور متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ بارشیں 10 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں اور خاص طور پر کوہ سلیمان اور جنوبی پنجاب میں شدید انتہائی شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے نتیجے میں متعدد ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں جس سے بنیادی سہولیات اور نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث کیرتھر اور کوہ سلیمان میں بھی پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے امکانات ہیں، جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ اور خضدار کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی اندیشہ ہے۔
حکام نے عوام سے کہا ہے کہ وہ خطرناک علاقوں میں سفر سے گریز کریں، ضرورت کے مطابق حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھر کے آس پاس پانی کے بہاؤ کے راستے صاف رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع دیں۔