بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیاجس میں بھارتی سپانسرڈ 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ یہ کارروائی بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے دہشتگرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا قومی عزم دہراتی ہیں۔