پنجاب میں ایک بار پھر بارشوں کی واپسی ، قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے گیارویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 16 سے 19 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ، پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 104 ہو گئی ہے جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، دریائے راوی، دریائے چناب اور ستلج کے سیلابی ریلوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔
واضح رہے کہ شدید سیلاب کے باعث پنجاب میں 45 لاکھ 70 ہزار لوگ اور 4700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 25 لاکھ 12 ہزار لوگوں اور 20 لاکھ 19 ہزار سے زائد جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، متاثرہ اضلاع میں 392 ریلیف کیمپس، 493 میڈیکل کیمپس اور 422 ویٹرنری کیمپس بھی قائم کیے ہیں۔
ریلیف کمشنر کے مطابق منگلا ڈیم 93 فیصد اور تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے جبکہ بھارت میں دریائے ستلج پر موجود بھاکڑا ڈیم 88 فیصد، پونگ ڈیم 94 فیصد اور تھین ڈیم 89 فیصد تک بھر چکا ہے۔