ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ،پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 128رنز کا ہدف دیا جو بھارت نے با آسانی تین وکٹوں کے نقصان پر پندرہ اوور اور پانچ گیندوں پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہوئی جو پاکستان کی شکست کی اہم وجہ تھی ،ابتدائی وکٹیں جلدی گرنے کے باعث آنے والے بیٹسمنوں پر دبائو بڑھا اور نتیجہ شکست کی صورت میں نکلا۔
بھارت کی جانب سے کپتان سوریاکمار یادیو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 47 رنز بنائے، جب کہ اوپنرز ابیشیک شرما اور تلک ورما نے 31، 31 رنز جوڑے۔ شبمن گل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے لیے واحد کامیاب بولر صائم ایوب رہے جنہوں نے تینوں بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 127 رنز اسکور کیے۔
اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، مگر اوپننگ شراکت زیادہ دیر نہ چل سکی۔ صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے ہاردک پانڈیا کی گیند پر بمراہ کے ہاتھوں کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان صرف 6 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب محمد حارث بمراہ کی گیند پر پانڈیا کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
تیسری وکٹ 45 رنز پر گری جب فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور محض 3 رنز بنا کر اکشر پٹیل کی گیند پر ابیشیک شرما کو کیچ دے بیٹھے۔
حسن نواز 7 گیندوں پر صرف 5 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز کھاتہ کھولے بغیر واپس لوٹ گئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 97 کے اسکور پر گری جب فہیم اشرف 11 رنز بنا کر ورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نواں نقصان 111 پر ہوا، سفیان مقیم 10 رنز بنا کر بمراہ کی گیند پر شکار بنے۔
بھارت کے بیٹروں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور شبمن گل کے جلدی آئوٹ ہونے کے باوجود آنے
والے بیٹسمینوں نے آسانی کے ساتھ ہدف کی طرف تعاقب جاری رکھا اور سولہویں اوور میں میچ جیت لیا