شدید سیلابی صورتحال کے باعث ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کے قریب موٹروے ایم 5 کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پانی کے کٹاؤ سے موٹروے میں شگاف پڑنے کا خطرہ موجود ہے، اسی لیے موٹروے کو محفوظ رکھنے کے لیے وہاں ریت کے تھیلے اور پتھر رکھے جا رہے ہیں، محکمے کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں جلالپور پیر والا میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے گیارھویں اسپیل کی وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ہدایت پر ڈائیورشنز لگا دی گئی ہیں۔
نارتھ باؤنڈ ٹریفک کو اوچ شریف، جھانگرہ اور جلالپور انٹرچینج سے موڑا جا رہا ہےجبکہ ساؤتھ باؤنڈ ٹریفک کو شاہ شمس، شیر شاہ اور شجاع آباد ساؤتھ سے دوسرے راستوں کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔