وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اہم بیٹھک کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ریڈ زون کے دائرہ کار میں نمایاں توسیع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریڈ زون سرکل میں 5 کلومیٹر تک توسیع کی گئی ہے اور نئی چوکیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ ریڈ زون میں ڈی چوک سے بلیو ایریا تک کا دائرہ بڑھا کر سیونتھ ایونیو تک کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح سرینگر ہائی وے پر سرینا کے بجائے ریڈ زون کا دائرہ زیرو پوائنٹ تک وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ مری ایکسپریس وے پر بہارہ کہو اور کشمیر چوک تک ریڈ زون کی نئی حد بندی کی گئی ہے۔
مزید برآں بلیو ایریا فضل الحق روڈ سے ریڈ زون میں داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ زیرو پوائنٹ، خیابان سہروردی، آبپارہ چوک سمیت دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
مارگلہ کے علاقوں میں صرف مخصوص گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ایف سکس سیکٹر میں سپر مارکیٹ سے آگے داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
ریڈ زون کے داخلی راستوں پر پاک فوج، رینجرز، ایف سی، پنجاب پولیس اور وفاقی پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔