پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبے بھر میں اپنے پارٹنر سکولوں کی ماہانہ فی کس فیس میں اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے صوبے بھر میں اپنے پارٹنر سکولوں کی ماہانہ فی کس فیس میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے فاؤنڈیشن اسسٹڈ اسکولز (FAS)، ایجوکیشن ووچر اسکیم (EVS) اور نیو اسکول پروگرام (NSP) پر بھی لاگو ہوگا۔ نئی فیسوں کا اطلاق ستمبر 2025 سے ہوگا۔
جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق پارٹنر اسکولز کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تعلیمی اخراجات جیسے اساتذہ کی تنخواہوں اور کلاس روم کے انتظامی اخراجات کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ ان حالات میں تعلیمی معیار برقرار رکھنے کے لیے فاؤنڈیشن نے فی بچہ ماہانہ فیس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے فاؤنڈیشن کے نیٹ ورک میں شامل سکول اپنی مالی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرسکیں گے اور ساتھ ہی صوبے کے ہزاروں غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو مفت یا سبسڈائزڈ تعلیم فراہم کرتے رہیں گے۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ اضافہ موجودہ معاشی حالات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی معیار متاثر نہ ہو اور طلبہ کو معیاری تعلیم تک رسائی برقرار رہے۔