خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 31 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کو ضلع لکی مروت اور بنوں میں کارروائیاں کی گئیں جن میں مجموعی طور پر 31 دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 17 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ فورسز نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی عناصر کو بھی ختم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 31 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے منصوبے ناکام بنا دیے گئے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے والے جوان پوری قوم کی جانب سے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ 11 ستمبر 2025 کو بھی سیکیورٹی فورسز نے لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں کارروائی کی تھی جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے، تاہم اس دوران 7 جوان معصوم شہریوں کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ ان شہریوں کو بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے یرغمال بنایا ہوا تھا۔