ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دوبارہ کب آمنے سامنے ہونگی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دوبارہ کب آمنے سامنے ہونگی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک بار پھر 21 ستمبر بروز اتوار کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور میں جگہ بنائی۔ میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ جواب میں یو اے ای کی ٹیم 17.4 اوورز میں 105 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اننگز میں ابتدا مشکلات سے بھرپور رہی، لیکن فخر زمان نے 36 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔ کپتان آغا سلمان نے 20 رنز جوڑے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں 14 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو قابل دفاع ہدف تک پہنچایا۔

بولنگ میں حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ خاص طور پر حارث رؤف نے 14ویں اوور میں دھرُوو پرشار کو آؤٹ کیا، جس کے بعد یو اے ای کے بیٹرز تیزی سے پویلین لوٹتے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ کا تنازع حل، پاکستان کی فتح میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل کر دیا گیا

یو اے ای کی جانب سے راہول چوپڑا نے 35 گیندوں پر 35 رنز اور دھرُوو پرشار نے 23 گیندوں پر 20 رنز اسکور کیے۔ دونوں نے 48 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان گروپ اے سے دوسرے نمبر پر سپر فور میں داخل ہوا اور اب اتوار کو بھارت کا سامنا کرے گا۔ گروپ بی سے سری لنکا نے کوالیفائی کیا ہے، جبکہ دوسرا کوالیفائر بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان طے ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *