یورپ بھر کے ایئرپورٹس بڑے پیمانے پر سائبر حملے کی زد میں آگئے ہیں، جس کے نتیجے میں پروازوں کا شیڈول بری طرح درہم برہم ہو گیا ہے اور لاکھوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو ہینڈل کرنے والا عالمی کمپیوٹر سسٹم اچانک بند ہو گیا ہے، بیلجیم کے دارالحکومت برسلز اور جرمنی کے متعدد ہوائی اڈوں پر سسٹم فیل ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، جب کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی متعدد پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
ایئرلائنز حکام کا کہنا ہے کہ چیک اِن اور بورڈنگ کے عمل میں رکاوٹ کے سبب ایئرپورٹس پر مسافروں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ حملہ نہایت منظم اور بظاہر کسی بڑے نیٹ ورک کے ذریعے کیا گیا ہے، یورپی تفتیشی ادارے اس حملے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے یورپی یونین نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ فضائی نظام کی فوری بحالی اور مستقبل میں ایسے حملوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سسٹم جلد بحال نہ ہوا تو اس کے اثرات عالمی فضائی سفر پر بھی پڑ سکتے ہیں۔