لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کا ٹرمینل 4 مشتبہ مواد کی اطلاع پر خالی کرا لیا گیا

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کا ٹرمینل 4 مشتبہ مواد کی اطلاع پر خالی کرا لیا گیا

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 کے ایک حصے کو پیر کے روز مشتبہ خطرناک مواد کی اطلاع پر خالی کرا لیا گیا۔ حکام نے اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق چیک اِن ایریا کو بند کر دیا گیا جبکہ ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں۔ اس دوران سامان کے ساتھ مسافروں کو ٹرمینل کے باہر جمع دیکھا گیا جہاں فائر بریگیڈ کے عملے نے صورتحال کو سنبھالا۔

لندن فائر بریگیڈ نے وضاحت کی کہ انخلا حفاظتی اقدام کے طور پر کیا گیا۔

ہیتھرو ایئرپورٹ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرمینل 4 کا رخ نہ کریں، تاہم باقی تمام ٹرمینلز پر آپریشن معمول کے مطابق جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد ڈیجیٹل کے بیوروچیف(لندن ) اظہر جاویدکی ملاقات

ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا:
“ٹرمینل 4 کے چیک اِن ایریا کو بند اور خالی کرا دیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی سروسز صورتحال کو دیکھ رہی ہیں۔ ہم مسافروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ٹرمینل 4 کا سفر نہ کریں اور ہم وہاں موجود مسافروں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔ باقی تمام ٹرمینلز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ ہم جلد مزید معلومات فراہم کریں گے۔”

یورپ کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں شمار ہونے والے ہیتھرو ایئرپورٹ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی اطلاع دی:
“براہ کرم ٹرمینل 4 کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ ہمارا عملہ مسافروں کی مدد کے لیے موقع پر موجود ہے۔ جیسے ہی مزید اپ ڈیٹ میسر ہوگی، ہم شیئر کریں گے۔ باقی تمام ٹرمینلز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔”

Related Articles