پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے میں اعلیٰ سطح پر شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی حکومتی قیادت، سیاسی شخصیات اور دیگر نمائندوں کی شرکت کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت قرار دیا۔
ایرانی سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے وہ پاکستان کی اس بھرپور شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی قابلِ قدر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات کی شرکت نے اس موقع کو مزید اہم بنا دیا۔ پاکستان کی یہ شرکت دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کی عکاس ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ تاریخی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہی جذبہ مستقبل میں بھی تعلقات کو مضبوط کرتا رہے گا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے اور دونوں ممالک امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ساتھ ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔