وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سی ایم ہاؤس میں سندھ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی ریلیف مالیاتی امور اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سب سے اہم فیصلہ عوامی سہولت کے تحت جاری پیپلز موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام میں توسیع کا تھا۔ کابینہ نے پروگرام کو 31 مئی 2026 تک بڑھانے کی منظوری دے دی جس کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے
عوامی ریلیف کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے کابینہ نے موٹر سائیکل فیول سبسڈی پروگرام کیلئے مئی کے مہینے میں 2 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ حکام کے مطابق اب تک 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد شہری اس سبسڈی سے مستفید ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 1.096 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ موٹر سائیکل کیب سروسز سے متعلق کیا گیا جس کے تحت سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے سالانہ تقریباً 120 ملین روپے کے مالی اثرات متوقع ہیں تاہم اس سے آن لائن ٹرانسپورٹ اور ڈیلیوری سروسز سے وابستہ افراد کو واضح ریلیف ملے گا۔
سندھ کابینہ کے یہ فیصلے مہنگائی کے دباؤ میں شہریوں کیلئے فوری ریلیف اور طویل المدتی مالیاتی اصلاحات دونوں کا امتزاج ہیں، جن کا براہِ راست فائدہ عام صارف تک پہنچنے کی توقع ہے۔