پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے ایشیا کپ کے دوران بھارت کیخلاف میچ میں فخر زمان کے غلط آؤٹ پر آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا معاملہ اٹھا دیا اور اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کروائی گئی ہے۔
قومی ٹیم منیجمنٹ نے ٹی وی امپائر کے خلاف بھی شکایت درج کروائی اور میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
قومی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فخر زمان کے آؤٹ پر شک واضح تھا مگر امپائر نے مزید زاویوں سے چیک کرنے کے بجائے شک کا فائدہ بھارت کو دیا۔
خیال رہے کہ امپائر کے غلط فیصلے کے خلاف نہ صرف سوشل میڈیا صارفین نے برہمی کا اظہار کیا بلکہ وسیم اکرم، وقار یونس، محمد عامر، محمد حفیظ اور فواد عالم نے بھی فیصلے کو غلط قرار دیا۔
گزشتہ روز بھارت کے خلاف شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا ، ہمیں لگا گیند زمین پر لگی مگر حتمی فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور میں فخر زمان نے بھارت کیخلاف صاحبزادہ فرحان کے ہمراہ اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن وہ 15 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ قرار دیے گئے تھے۔