وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم: درخواست دینے والے طلبا کے لئے اہم خبر

وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم: درخواست دینے والے طلبا کے لئے اہم خبر

وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں درخواست دینے والے طلبہ کے لیے بڑی خبر آگئی ہے، اب وہ آسانی سے اپنی درخواست کا اسٹیٹس چیک کرسکیں گے۔

حکومت نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم 2025 دوبارہ شروع کر دی ہے، جس کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ہزاروں طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

حکومتی اعلامیہ کے مطابق اس اسکیم کا مقصد ان طلبہ کو ڈیجیٹل سہولت دینا ہے جن کے گھرانے مالی دباؤ کے باعث لیپ ٹاپ خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ اس کے ذریعے طلبہ نہ صرف آن لائن کلاسز اور ریسرچ ورک کرسکیں گے بلکہ آئی ٹی مہارتوں کی بدولت فری لانسنگ اور ریموٹ ورک کے ذریعے اپنے خاندان کی کفالت میں بھی مدد دے سکیں گے۔

درخواست کا اسٹیٹس چیک کرنے کا نیا طریقہ

بیشتر طلبہ کو معلوم نہیں ہوتا کہ ان کا نام اسکیم کی فہرست میں شامل ہے یا نہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے ایک نیا آن لائن سسٹم متعارف کرایا ہے۔ اب طلبہ PM Youth Programme کی ویب سائٹ (laptop.pmyp.gov.pk) پر جا کر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر درج کریں، یونیورسٹی کا انتخاب کریں اور فوری طور پر جان سکیں گے کہ ان کی درخواست منظور، زیرِ جائزہ یا مسترد ہوگئی ہے۔

ضروری دستاویزات

حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر درخواستیں ادھوری ریکارڈ کی وجہ سے مسترد ہو جاتی ہیں۔ درخواست دیتے وقت طلبہ کے پاس یہ دستاویزات مکمل ہونا لازمی ہیں:

* درست CNIC یا ب فارم (نادرا ویری فیکیشن کے لیے)
* یونیورسٹی ان رولمنٹ کا ثبوت (اسٹوڈنٹ کارڈ)
* حالیہ ٹرانسکرپٹ برائے تعلیمی کارکردگی
* یونیورسٹی ڈیٹا بیس میں اپ ڈیٹ شدہ ذاتی معلومات

یہ بھی پڑھیں: مفت لیپ ٹاپ کے حصول کے خواہشمند طلبہ کے لیے خوشخبری

عام غلطیاں جن سے درخواستیں مسترد ہوتی ہیں

اہلکاروں نے بتایا کہ CNIC غلط درج کرنا، غیر فعال فون نمبر یا ای میل دینا، تعلیمی ریکارڈ اپ ڈیٹ نہ کرنا یا ایک ہی CNIC پر متعدد درخواستیں دینا سب سے عام وجوہات ہیں جن کی وجہ سے درخواستیں مسترد کر دی جاتی ہیں۔

شکایات اور تاخیر کی وجوہات

اگر کسی طالب علم کا نام فہرست میں شامل نہ ہو تو اسے پہلے اپنی یونیورسٹی کے فوکل پرسن سے رابطہ کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ شکایت PM Youth Programme ہیلپ لائن پر بھی درج کرائی جا سکتی ہے۔

حکام کے مطابق بعض طلبہ کو منظوری کے باوجود لیپ ٹاپ ملنے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ اس کی بنیادی وجوہات میں یونیورسٹیوں کی جانب سے دیر سے ویری فیکیشن، ادھوری دستاویزات، شپمنٹ تاخیر اور بعض اوقات بجٹ کی منظوری میں تاخیر شامل ہیں۔

محکمہ تعلیم نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی یونیورسٹی سے مسلسل رابطے میں رہیں اور رابطہ نمبر یا ای میل ایڈریس ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کے وقت کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *