مفت لیپ ٹاپ کے حصول کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایک اور موقع فراہم کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے طلبہ کے لیے مفت لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد صوبے بھر میں طلبہ کو ڈیجیٹل لرننگ ٹولز تک بہتر رسائی دینا ہے۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مفت لیپ ٹاپس کی تقسیم آئندہ ماہ ستمبر سے شروع ہوگی اور میرٹ کو ترجیح دی جائے گی۔ لیپ ٹاپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس سکیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح ستمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں کریں گی۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں صرف صوبائی دارالحکومت لاہور کے طلبہ کو 14 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے تھے، جبکہ دوسرے مرحلے میں اس سکیم کو پورے صوبے میں توسیع دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور ہونہار طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہونہار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ یہ لیپ ٹاپس چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں میرٹ پر تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ سکیم سود پر مبنی قرضوں کے ذریعے دی جانے والی لیپ ٹاپ سکیم کے علاوہ ہوگی۔