پاکستان ٹیسٹ ٹیم کےکپتان شان مسعود کی سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری تبدیل ہونے کا امکان ہے جب کہ انہیں 2027 تک کپتان برقرار رکھے جانےکا بھی قوی امکان ہے۔
سینٹرل کنٹریکٹ 26ـ2025 میں شان مسعود کی ڈی کیٹیگری میں تنزلی کی گئی تھی۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں ون ڈے کپتان محمد رضوان اور ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان آغا کو بی کیٹیگری دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق شان مسعود کو ایک مرتبہ پھر سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری ملنےکا امکان ہے۔ شان مسعود گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری میں شامل تھے۔ شان مسعود کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے آج ملاقات بھی ہوئی اور انہیں فری ہینڈ دیے جانے کے بعد انہیں کپتانی سے ہٹانے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتان شان مسعود اور کوچ اظہر محمود کو مکمل سپورٹ اور فری ہینڈ دینےکا کہا۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کپتان شان مسعودکو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سرکل 27-2025 تک کپتان برقرار رکھے جانےکا قوی امکان ہے۔