فیفا ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں کھیلے گئے میچوں نے شائقین کو بھرپور سنسنی اور دلچسپ لمحات فراہم کیے، تاہم مسلسل دوسرے روز بھی متعدد مقابلے بغیر کسی نتیجے کے برابر اسکور پر ختم ہوئے، تین مختلف میچوں میں ٹیمیں برتری لینے کے باوجود اپنی برتری برقرار نہ رکھ سکیں اور مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔
تیسرے دن کے پہلے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور قطر کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، پورے میچ میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا اور متعدد بار حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر خطرناک حملے کیے۔
میچ کے سترہویں منٹ میں ایک فاؤل کے نتیجے میں سوئٹزرلینڈ کو پنالٹی کک ملی جس پر بریل ایمبولو نے شاندار انداز میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔
وقفے تک یہی برتری برقرار رہی، دوسرے ہاف میں قطر نے بھی جارحانہ حکمت عملی اختیار کی اور آخر کار میچ کے آخری لمحات میں ایک خوبصورت موو پر بوالم کھوکھی نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا یوں یہ سخت مقابلہ ایک، ایک گول سے ختم ہوا اور قطر نے میگا ایونٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا۔
اسی روز ایک اور اہم مقابلہ مراکش اور برازیل کے درمیان کھیلا گیا جو مکمل طور پر برابررہا، مراکش کی جانب سے اسماعیل سائبان نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ برازیل نے جلد ہی جواب دیتے ہوئے ونیشس جونیئر کے ذریعے گول اسکور کیا۔
دونوں ٹیموں نے میچ کے اختتامی لمحات میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن دفاعی حکمت عملی کے باعث کوئی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کرسکی اور یہ مقابلہ بھی ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔
اس سے قبل دوسرے دن کے پہلے میچ میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے تھیں یہ مقابلہ بھی دلچسپ رہا اور دونوں ٹیموں نے ایک، ایک گول اسکور کرکے پوائنٹس تقسیم کر لیے۔
ابتدائی میچوں میں بار بار ڈرا کے نتائج نے ٹورنامنٹ کو مزید غیر یقینی اور دلچسپ بنا دیا ہے، جہاں ہر ٹیم آئندہ میچوں میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔