فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے میچ میں تاریخ رقم ،منفرد ریکارڈ قائم

فیفا ورلڈ کپ 2026  کے پہلے میچ میں تاریخ رقم ،منفرد ریکارڈ قائم

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں ایک ایسا منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا جو اس سے قبل ورلڈ کپ کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ میکسیکو سٹی کے تاریخی اسٹیڈیم اسٹاڈیو ایسٹیکا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، تاہم میچ کا سب سے نمایاں پہلو ریڈ کارڈز کی بھرمار رہی۔

افتتاحی مقابلے میں ریفری نے مجموعی طور پر تین کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھائے، جس کے ساتھ ہی فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی افتتاحی میچ میں تین ریڈ کارڈز جاری کیے گئے۔ جنوبی افریقا کے دو جبکہ میکسیکو کے ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا گیا، جس نے اس مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم میکسیکو کے دباؤ کا مقابلہ نہ کر سکی اور میچ کے دوران نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں نے اس کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ دو کھلاڑیوں کے میدان سے باہر ہونے کے بعد ٹیم مکمل طور پر دفاعی دباؤ میں آ گئی اور میزبان ٹیم نے اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ 2026 ، میکسیکو نے جنوبی افریقا کو 0-2 سے ہرا دیا

اعداد و شمار کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ ساتواں موقع ہے جب کسی ایک میچ میں تین یا اس سے زیادہ ریڈ کارڈز دکھائے گئے ہوں۔ تاہم افتتاحی میچ میں اتنی بڑی تعداد میں ریڈ کارڈز کا اجراء پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے، جس نے اس مقابلے کو تاریخی بنا دیا۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک میچ میں سب سے زیادہ ریڈ کارڈز دکھانے کا ریکارڈ 2006 کے عالمی کپ میں پرتگال اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ کے نام ہے، جس میں ریفری نے چار کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھایا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈکپ 2026 میں تاریخ بدلنے کو تیار، میسی اور رونالڈو کے نام بڑا اعزاز؟ 

یوں فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز نہ صرف میکسیکو کی کامیابی سے ہوا بلکہ ایک منفرد اور یادگار ریکارڈ بھی قائم ہوگیا، جس نے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی روز شائقین فٹبال کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔

editor

Related Articles