خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر اور باجوڑ میں پاک فوج کی جانب سے فتنۂ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز کے بعد عوام کی جانب سے بھرپور اور پرتپاک استقبال دیکھنے میں آیا۔ دیر میں پاک فوج کی آمد پر عوام سڑکوں پر نکل آئے، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونجنے لگے اور جوانوں کو پھولوں کے ہار پہنا کر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
دیر کے عوام نے نہ صرف پاک فوج کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا بلکہ امن و امان کے قیام پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔ عوام کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایف سی کمانڈنٹ کی آمد پر خصوصی طور پر پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پاک فوج کے جوانوں کے اعزاز میں جلوس نکالا گیا۔
باجوڑ کے علاقے ماموند میں پاک فوج کی آمد پر سکھ کا سانس
باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے زگئی میں پاک فوج کی آمد پر عوام نے سکھ کا سانس لیا۔ مقامی افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی موجودگی سے اب خوارجین کے ظلم سے نجات مل جائے گی۔ ویڈیو مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اہل علاقہ اپنے گھروں سے باہر آکر جوانوں کا پرجوش استقبال کر رہے ہیں۔
زگئی ماموند میں خوارج کے خلاف بڑا آپریشن شروع
مقامی ذرائع کے مطابق، زگئی ماموند میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۂ الخوارج کی بڑی تعداد کے خاتمے کے لیے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ علاقہ گزشتہ کچھ عرصے سے شرپسند عناصر کا گڑھ بن چکا تھا، جہاں دو ماہ قبل مقامی عوام کے اصرار پر خوارج کے خلاف جرگے بھی شروع کیے گئے تھے۔
عوام کا مکمل اعتماد اور تعاون
دیر اور باجوڑ کے عوام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ خوارج جیسے عناصر کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی بدولت علاقے میں امن کا سورج ایک بار پھر طلوع ہو رہا ہے، اور وہ اس امن کو قائم رکھنے کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
فتنۂ الخوارج کے خلاف جاری ان آپریشنز سے واضح ہوتا ہے کہ عوام اور پاک فوج ایک پیج پر ہیں۔ عوام کے اعتماد، تعاون اور پاک فوج کی بے لوث قربانیوں سے قبائلی علاقوں میں امن کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے، جو ایک مثبت اور پائیدار مستقبل کی جانب اشارہ ہے۔