فوج کا کردار قابلِ ستائش، حکومت کی 4 نکاتی حکمت عملی کامیاب رہی، اسے جاری رہنا چاہیے، جنرل (ر) عبدالقیوم

فوج کا کردار قابلِ ستائش، حکومت کی 4 نکاتی حکمت عملی کامیاب رہی، اسے جاری رہنا چاہیے، جنرل (ر) عبدالقیوم

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر اور سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک کی مسلح افواج، پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دے کر ملک کو محفوظ بنایا ہے۔ ٹی ٹی پی اور بیرونی حمایت یافتہ عناصر کے ناپاک عزائم کو مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا گیا، جس پر سیکیورٹی فورسز تحسین کی مستحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دیر اور باجوڑ میں فتنۂ الخوارج کے خلاف پاک فوج کے کامیاب آپریشنز پر عوام کا والہانہ استقبال

راولپنڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) عبدالقیوم نے حکومت کی چار نکاتی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کو سراہا، جس میں فوجی کارروائی، قانون سازی، سیاسی و سفارتی اقدامات اور سماجی و معاشی انصاف شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی مؤثر ثابت ہوئی ہے اور اسے مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیے۔

معیشت کی بہتری پر اطمینان کا اظہار

جنرل (ر) عبدالقیوم نے ملکی معیشت کے مثبت اشاریوں پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی، ترسیلات زر اور برآمدات میں بہتری اور ٹیکس اصلاحات حکومت کی کامیاب معاشی حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ بھی پاکستانی معیشت کے مثبت رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔

تاہم انہوں نے امیر اور غریب کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق پر تشویش ظاہر کی اور حکومت پر زور دیا کہ قرضوں پر انحصار کم کیا جائے اور اقتصادی پالیسیوں میں سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے۔

ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح کا مطالبہ

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر نے مطالبہ کیا کہ ریٹائرڈ فوجیوں کی کم از کم پنشن کو قومی کم از کم اجرت کے برابر مقرر کیا جائے تاکہ انہیں معاشی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

پاکستان-سعودی عرب دفاعی معاہدہ، خطے کے لیے نیا موڑ

جنرل (ر) عبدالقیوم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو ’ون ون معاہدہ‘  قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 9 ارب ڈالر اور سعودی عرب کا 78 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ مل کر خطے میں ایک مضبوط اور مستحکم شراکت داری کو فروغ دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ مستقبل میں ایک کثیر الجہتی دفاعی فریم ورک میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔

عالمی امن اور فلسطین مسئلہ پر مؤقف

پریس کانفرنس میں عالمی امن پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) عبدالقیوم نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کو خوش آئند قرار دیا، تاہم انہوں نے اس پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے میں دو ریاستی حل کی عدم شمولیت اور اسرائیلی انخلا کی ٹائم لائن نہ دینا ایک ’بڑا خلا‘ہے۔

مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کا کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ، کشمیری طلبا و اساتذہ کا پاک فوج سے والہانہ اظہار یکجہتی

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 193 میں سے 161 ممالک پہلے ہی فلسطین-اسرائیل تنازع پر 2 ریاستی حل کو تسلیم کر چکے ہیں، جبکہ امریکا نے اسرائیل کے حق میں اقوام متحدہ میں 51 بار ویٹو کا استعمال کیا ہے۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے امن منصوبے کی توثیق کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ میں جمہوریت سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سوسائٹی کا عزم

پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ملک کی سلامتی، استحکام اور عالمی وقار کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق سماجی انصاف، معاشی مساوات اور عالمی امن کو پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *