پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان 26 اکتوبر کو ہوگا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام یہ امتحان صوبے کے 12 شہروں میں ایک ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق رواں پنجاب کے میڈیکل اینڈڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیئے پنجاب بھر سے 50 ہزار 458 امیدواروں نے امتحان کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ یو ایچ ایس اور محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے امتحان کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
حکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے 12 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو امتحانی انتظامات کے لیے مراسلے جاری کر دیے ہیں۔ امتحان کے روز لاہور سمیت 12 شہروں میں قائم 26 امتحانی مراکز پر ہائی الرٹ رہے گا۔ جاری مراسلے کے مطابق ریسکیو 1122، نادرا، محکمہ صحت، ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی ادارے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
امتحانی مراکز پر دفعہ 144 کے نفاذ کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھی درخواست دی گئی ہے۔ امتحانی عملے کی تعیناتی کے لیے محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
یو ایچ ایس میں بھی امتحان کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ امتحان کے شفاف انعقاد کے لیے سینئر فیکلٹی ممبران کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں جبکہ امتحانی عملے کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی مکمل کی جا رہی ہے۔