بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کی دبئی میں گرفتاری کی تفصیلات سامنے آگئیں،ذرائع کے مطابق لاہور کے مشہور بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کو دبئی میں ایک ڈرامائی کارروائی کے دوران حراست میں لے لیا گیا۔
دبئی میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے جانے والے پاکستان پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی خالد وریا وہاں ایک کارروائی میں شریک تھے۔
وہ دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے دبئی پولیس کے ساتھ ایک فلیٹ پر چھاپہ مار رہے تھے کہ اچانک اسی جگہ پر طیفی بٹ بھی ایک دعوت میں موجود نکلا۔
ڈی ایس پی نے موقع پر ملزم کو پہچان لیا اور فوری طور پر اس کی گرفتاری کا عمل شروع کرا دیا،اس وقت طیفی بٹ دبئی پولیس کی حراست میں ہے اور لاہور پولیس کی درخواست پر اس کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ وارنٹ کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملزم کو پاکستان لایا جائے گا اور اسے لاہور ایئرپورٹ پر منتقل کیا جائے گا۔
تفتیشی ریکارڈ کے مطابق بالاج قتل کے فوراً بعد طیفی بٹ اسلام آباد سے گلا سکو روانہ ہو گیا تھا، بعد ازاں لندن میں قیام کے دوران اس کا ویزا ختم ہوگیا جسے رینیو کروانے کے لیے وہ دبئی پہنچا تھا، اسی دوران دبئی پولیس اور پاکستانی حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسے دھر لیا۔