کالعدم ایکشن کمیٹی کے رکن سردار امان خان نے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں،کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ جمع کرائے گئے بیانِ حلفی میں سردار امان خان نے الحاقِ پاکستان کی حمایت، افواجِ پاکستان کی تائید اور انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد سینئر صحافی سید خالد گردیزی نے سوشل میڈیا پر بیانِ حلفی شیئر کرتے ہوئے اس پر متعدد سوالات اٹھائےانہوں نے کہا کہ اگر بیانِ حلفی میں درج مؤقف حقیقی ہے تو اسے عوام کے سامنے بھی اسی طرح پیش کیا جانا چاہیے۔
سید خالد گردیزی نے لکھا کہ سردار امان خان اپنے بیانِ حلفی کو دھرنے کے اسٹیج سے بھی پڑھیں اور ان بیانات کی وضاحت کریں جن کے باعث پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان نفرت اور غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیانِ حلفی میں واضح طور پر درج ہے کہ امیدوار الحاقِ پاکستان کا حامی، افواجِ پاکستان کا حامی ہے، کسی انتظامی یا حکومتی ادارے کا مخالف نہیں اور انتخاب کے جو بھی نتائج آئیں گے انہیں تسلیم کرے گا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے بیانِ حلفی کے مطابق سردار امان خان نے یہ بھی تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی کا حصہ نہیں بنیں گے اور انتخابی نتائج کو قبول کریں گے۔