جعفر ایکسپریس کو بار بار نشانہ بنانے والے دہشتگرد بھارتی ایجنٹ ہیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی

جعفر ایکسپریس کو بار بار نشانہ بنانے والے دہشتگرد بھارتی ایجنٹ ہیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے شکار پور میں جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کا الزام بھارت پر عائد کیا۔ ان کا کہنا ہے، ’جعفر ایکسپریس کو بار بار نشانہ بنانے والے دہشتگرد دراصل بھارت کے ایجنٹ ہیں جو آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی شکست کو ہضم نہیں کر پا رہے۔‘

یہ بھی پڑھیں:شکارپور میں جعفر ایکسپریس کے ریلوے ٹریک پر دھماکہ

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واضح کیا کہ پاکستان ریلوے ان ’بزدلانہ حملوں‘ سے مرعوب نہیں ہوگا اور بلوچستان کے لیے ٹرین سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں منگل کی صبح شکارپور ضلع کے قصبے ہمایوں کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 مسافر زخمی ہو گئے۔

ٹرین پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی جب صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر دھماکہ ہوا۔ شکارپور کے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد ابڑو کے مطابق، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر شکارپور سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں چار شدید زخمی افراد کو مزید علاج کے لیے ملٹری اسپتال بھیج دیا گیا۔

زخمیوں میں محمد شفیق (عبدالعزیز کے بیٹے اور ریلوے اہلکار)، محمد یونس، حوالدار جاوید، کانسٹیبل عبدالرحمٰن، کانسٹیبل اظہر جمیل اور 2 نامعلوم مسافر شامل ہیں۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کی حالت کو درست قرار دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ باقی مسافروں کو ان کی منزلوں تک محفوظ طریقے سے پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔

یہ واقعہ رواں سال جعفر ایکسپریس پر ہونے والا ساتواں حملہ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں ہونے والے سب سے ہولناک حملے میں دہشتگردوں نے ٹرین کو ہائی جیک کرکے 21 مسافروں کو قتل کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں؍جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائند ’فتنہ الہندوستان‘ کا اہم دہشتگرد افغانستان میں پراسرار طور پر ہلاک

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے عملے اور مسافروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہاکہ ’ہم اپنے ٹریک اور ٹرین کی سیکیورٹی کو مزید سخت کریں گے۔ ہمارے بہادر ڈرائیورز، گارڈز اور عملہ اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، اور ہمارے بہادر عوام ان دہشتگردوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور عظیم قوم ہے جو کبھی ہار نہیں مانے گی۔‘

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کی مذمت کی اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے کمشنر لاڑکانہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں، سندھ کے رکن اسمبلی امتیاز شیخ اور ڈی سی شکیل احمد ابڑو نے سول اسپتال شکارپور کا دورہ کیا اور زخمیوں محمد یونس اور محمد شفیق کی عیادت کی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *