اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی خصوصی مہم کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے، جس کے بعد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے شہریوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر یکم ستمبر سے 7 اکتوبر تک مہم جاری رہی۔ اس دوران ایک لاکھ 28 ہزار شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس کا عمل مکمل کیا، جس سے لائسنس بنوانے کی شرح میں 540 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سال میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلام آباد ٹریفک پولیس پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے اور اس دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔
ان کے مطابق دو بڑے سینٹرز اور سہولت وینز کو 24 گھنٹے کھلا رکھا گیا تاکہ شہری آسانی سے لائسنس بنوا سکیں۔ کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے واضح کیا کہ اب ٹریفک پولیس بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دورانِ سفر ڈرائیونگ لائسنس اپنے ساتھ رکھیں اور جن شہریوں نے تاحال لائسنس نہیں بنوایا وہ کم از کم لرنر پرنٹ ضرور حاصل کر لیں۔