نادرا نے اپنی جدید پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شناختی کارڈ سمیت دیگر اہم دستاویزات کے حصول کا پورا نظام ڈیجیٹل بنا دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔
ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے عوام کے لیے شناختی خدمات کا طریقہ کار یکسر بدل دیا ہے۔ شہری اب گھر بیٹھے اپنے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) اور دیگر دستاویزات کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صرف تین ماہ کے دوران 12 لاکھ سے زائد درخواستیں پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے موصول ہوئیں، جبکہ اب تک ایک کروڑ سے زیادہ شہری اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ یہ ایپ ملک کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی قابل اعتماد عوامی سروسز میں شامل ہو چکی ہے۔
سید شباہت علی کے مطابق شہری اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق، دستاویزات اپ لوڈ اور درخواست کی براہ راست ٹریکنگ کر سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے جا رہے ہیں، جس سے عوامی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاک آئی ڈی ایپ کی بدولت نادرا کو ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام تیزی سے ڈیجیٹل شناختی نظام پر منتقل ہو رہے ہیں۔
نادرا کی یہ نئی ڈیجیٹل سہولت پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ای گورننس کی سمت ایک اہم قدم آگے لے جا رہی ہے۔